(پی ٹی آئی زرداری کوقتل کرناچاہتی ہے)کٹھ پتلی کو وزیراعظم ہاؤس سے کھینچ کر باہر پھینکنا ہوگا‘ بلاول

239

لا ہور (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے الزام عاید کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان کے والد آصف علی زرداری کو قتل کرنا چاہتی ہے‘ عمران خان بہت بہادر ہیں کیونکہ وہ اسمبلی میں ہماری غیر موجودگی میں تقریرکرتے ہیں‘ وزیراعظم صاحب ہمت ہے تو میرے سامنے تقریرکریں‘ ٹی و ی پر بھی عمران خان سے بات کرنے کے لیے تیارہوں‘ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے‘ اس کٹھ پتلی کو وزیراعظم ہائوس سے کھینچ کر باہر پھینکنا ہو گا‘ کٹھ پتلی حکومت کو ٹف ٹائم دیتے رہیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ کراچی میں اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں‘ ملک میں کورونا وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے‘ جبکہ کورونا کیسز اور اموات میں کمی کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے ‘ پی ٹی آئی نے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کو زبردستی اس ملک میں پھیلایا ہے‘ ہم ابتدائی مراحل میں ٹڈی دل کو حکومت کے نیشنل ایکشن پلان کے مطابق روک سکتے تھے‘ اسامہ بن لادن کو شہید کہنے والے عمران خان بتائیں کہ ضرب عضب، سوات آپریشن اور آرمی پبلک اسکول حملے پر آپ کا موقف کیاہے؟ ہمارے وزیراعظم کی سوچ آمرانہ ہے‘ عمران خان صرف پی ٹی آئی کے وزیراعظم بنے ہوئے ہیں ‘ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مودی کے لیے الیکشن مہم چلائی‘ حکومت ہر بحران کو تباہی میں تبدیل کردیتی ہے جس طریقے سے پیٹرول بم گرا کر عوام کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ہے یہ حکومت کے یوٹرن کے سلسلے کے منافقانہ طریقہ کار کا حالیہ ثبوت ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان نے سب سے پہلے این آر او اپنی بہن علیمہ خان کو دیا‘ علیمہ خان کی کرپشن کا آج تک جواب نہیں دیا گیا‘ وزیر ہوا بازی نے بغیر ثبوت پائلٹس پر الزام لگایا‘ وزیر ہوا بازی کی اپنی ڈگری جعلی ہے‘ ان لوگوں کو پتہ نہیں پائلٹس کو ہر6 ماہ بعد ٹیسٹ دینا پڑتا ہے‘ پی آئی اے کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے ‘ حکومت نے پی آئی اے کو تاریخی نقصان پہنچایا‘ پوری دنیا میں پاکستانی پائلٹس کو بہترین مانا جاتا ہے جب تک عمران خان وزیراعظم ہیں ہمیں معاشی نقصان ہوگا۔