لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے،عمران صاحب، آپ نواز شریف کا نام لینے سے پہلے گریبان میں جھانک لیا کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تقریر سے ظاہر تھا کہ اب نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر جانا ہوگا، عمران خان اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، آنے والی نسلیں کپتان نیازی کو تباہی و بربادی کے لیے یاد رکھیں گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ بی آر ٹی پشاور کے 128 ارب کے کھڈے آپ کھودیں، الزام نواز شریف پر؟ عمران صاحب چینی چور مافیا خود اور الزام نواز شریف پر؟، آٹا چوری آپ نے کیا اور الزام نواز شریف پر؟۔ پیٹرول آپ چوری کرائیں اور الزام نواز شریف پر؟، معیشت5 اعشاریہ8 فیصد سے منفی صفر اعشاریہ 48 فیصد پر آپ لائیں اور الزام نواز شریف پر؟۔