اسلام آباد ( آن لائن ) سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف ایک اور ریفرنس میں بری ہوگئے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنایااورراجا پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو پیراں غائب رینٹل پاور کیس میں بری کردیا ۔ دیگر ملزمان میں سابق مشیر خزانہ شوکت ترین، اسماعیل قریشی اورشاہد رفیع، طاہر بشارت چیمہ، سلیم عارف، چودھری عبدالقدیر، اقبال علی شاہ شامل تھے۔پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014ء میں دائر کیا گیا تھا۔ 192میگا واٹ کا رینٹل پاور پلانٹ ملتان کے علاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔پرویز اشرف پر بطور وزیر پانی و بجلی کرپشن اور اختیارات کے غیر قانونی استعمال کا الزام تھا۔ دوسری جانب نیب نے احتساب عدالت کا فیصلہ عدالت عظمیٰ چیلنج کرنے اعلان کر دیا۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پیرا ں غائب رینٹل پاور ریفرنس ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ،عدالت نے ان ٹھوس شواہد نظر انداز کیا ہم اس فیصلے کیخلاف اپیل دائرکریں گے ۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں طلبی کے باوجود مسلسل غیرحاضری پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جبکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا اشتہار جاری کر دیا گیا۔ فاضل جج نے فاروق ایچ نائیک کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کریمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑے گا، آپ نے جو رپورٹ پیش کی ہے وہ غیرتسلی بخش ہے جب کہ نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔ نیب پراسیکیوٹر سردارمظفر نے کہاکہ زرداری کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جائیں، یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے استثنا دیا تو آج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، یوسف رضا گیلانی کا استثنا بھی ختم کیا جانا چاہیے۔ سماعت 17 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔دوسری جانب جعلی بینک اکاونٹس اسکیم کیس میں نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آج بدھ کو نیب کے روبرو پیش ہونے ہدایت کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پلاٹس کی غیرقانونی الاٹمنٹ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے آج نیب کے روبرو پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پیشی کے لییمہلت مانگ لی۔سلیم مانڈوی والا کا کہناہے کہ اس وقت کراچی میں موجود ہوں پیش نہیں ہو سکتا،پیشی کے لیے نئی تاریخ دی جائے۔