لاڑکانہ، کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے بعد سیکورٹی انتظامات سخت

186

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج عرفان علی بلوچ نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر رینج کے تمام ایس ایس پیز کو سیکورٹی کے انتظامات سخت کرنے سمیت تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو آن روڈ رہنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ نے کہا ہے کہ لاڑکانہ رینج کے اضلاع کشمور کنڈھ کوٹ، جیکب آباد اور قنبر شہداد کوٹ سے منسلک دوسرے صوبوں کے بارڈرز پر اضافی پکٹس، پیٹرولنگ اور چیکنگ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ رینج کے تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر پکٹس لگا کر چیکنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد، گاڑیوں اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھنے کے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اسنیپ چیکنگ کے علاوہ پولیس کے انٹیلیجنس ونگ اور حساس اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں اقدامات اٹھاتے ہوئے سرکاری دفاتر، اسپتال، مساجد، امام بارگاہوں، دینی مدارس، مندر، چرچ، تیل، گیس کی پائپ لائنز، ریلوے اسٹیشنز، ایئر پورٹس اور دوسری حساس تنصیبات پر سیکورٹی کو مزید سخت کی گئی ہے۔ اس سارے عمل کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کرکے ڈسٹرکٹ کنٹرول رومز اور رینج کنٹرول روم پر باقاعدہ نوٹ کرایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہید اور زخمی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔