حملے کے تانے بانے بھارتی سلیپر سیل سے ملتے ہیں ، شاہ محمود قریشی

400

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے حملے کے تانے بانے بھارتی سلیپر سیل سے ملتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کے حملے کے بعد میں نے بیان دیا تھا کہ بھارت نے سلیپر سیل متحرک کیے، ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ تھا، ہمارے خفیہ ادارے مکمل الرٹ ہیں، ہم بھارت کے تمام حربوں کا ناکام بنائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت پاکستان میں امن نہیں دیکھ سکتا،
ایک طرف ہم کرتارپورراہداری کھول رہے ہیں اور دوسری طرف بھارت سے امن برداشت نہیں ہورہا، بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے، کشمیر میں بھارت کے مظالم دنیا کے سامنے ہیں، چین کے ساتھ لداخ کا معاملہ بھی عیاں ہوگیا، ہم بھارت کو دنیا کے سامنے مزید بے نقاب کریں گے۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تو آئے ہی نوٹس لینے ہیں، وہ استعفا نہیں دیں گے انہیں ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘تم ملک لوٹو ہم نوٹس لینا بند کردیں، تم منی لانڈرنگ کرو،ہم نوٹس نہ لیں ،ہم نوٹس لیں گے، عمران آیا ہی نوٹس لینے کے لیے ہے۔ وزیرخارجہ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو کہتے تھے ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے ،یہ تو کہتے تھے حکومتی اتحاد میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، آج خود بھاگ گئے اور یہاں دیکھ لیں حکومتی سائیڈ ارکان سے بھری پڑی ہے۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپوزیشن سے ایک سوال پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب بھی مراد سعید بات کرنے کے لییکھڑے ہوتے ہیں اپویزشن بھاگ کیوں جاتی ہے؟