اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے شیڈول کی منظوری دیدی ہے۔ شیڈول کے مطابق گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات رواں سال 18 اگست کو ہوں گے۔ قانون ساز اسمبلی اپنی آئینی مدت کی تکمیل کے بعد 4 روز قبل تحلیل کردی گئی تھی اور قانون کے مطابق نئی حکومت کے انتخاب کیلیے اسمبلی کی تحلیل کے 60 روز کے اندر نئے انتخابات کرانا ضروری ہے۔ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن 24 حلقوں میں انتخابات کاانعقاد کرے گا۔ وفاقی حکومت پہلے ہی سابق ڈی آئی جی پولیس میر افضل کو قائم مقام وزیراعلیٰ مقرر کر چکی ہے۔