کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے خواتین یونیورسٹی کیمپس چنیوٹ روڈ کو جھنگ یونیورسٹی میں ضم کردینے والے حکومتی فیصلے پرشدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسے عوام و خواتین دشمنی پر مبنی فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ اس فیصلہ سے علاقے کی خواتین اورطالبات کی تعلیم بری طرح متاثر ہوگی اس لئے خواتین یونیورسٹی کیمپس چنیوٹ روڈ کو مکمل خواتین یونیورسٹی کا درجہ قائم رکھا جائے ۔ہم تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد میاں محمد اکرم کے موقف کی بھر پور تائید کرتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی تمام جامعات کی مکمل گرانٹ فوری طور پر ادا کرے۔اس سلسلے میں انہوں نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کے حالات میں تمام ملازمین کی بروقت تنخواہ کی ادائیگی کر رہی ہے۔