گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سینیٹر سراج الحق، سید طلحہ حسن وحافظ نعیم سے تعزیت

414
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سید منور حسن کے صاحبزادے سید طلحہ حسن‘ سراج الحق اورحافظ نعیم سے تعزیت کے بعدفاتحہ خوانی کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کے گھر جا کر مرحوم کے بیٹے سید طلحہ حسن، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، داماد سعد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات واظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کراچی عبدالوہاب، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن انتہائی سچے اور نڈر انسان تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ حق اور صبر واستقلال کو زندہ علامت بنائے رکھا، سید منور حسن کی شخصیت کو جتنا دیکھا، سمجھا اور جانا اس سے معلوم ہوا کہ وہ ایک نظریاتی شخصیت اور حق گو انسان تھے، شاید اسی لیے انہیں سچائی کے سفر میں بارہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ جس بات کو درست سمجھتے تھے، جرأت اور حوصلے کے ساتھ ڈٹ جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید منور حسن ، قاضی حسین احمدؒ کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، ان دونوں شخصیات سے میری تین چار ملاقاتیں رہی ہیں اور بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ آج میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تعزیت کرنے آیا ہوں اوردعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین وپسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔