لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ہمیشہ ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایوان کی کارروائی احسن انداز میں چلانے پر اسپیکر چودھری پرویزالٰہی کی پارلیمانی خدمات
کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ایوان کو متوازن انداز میں چلا کر نئی مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم اکٹھے تھے، اکٹھے ہیں اور ان شاء اللہ اکٹھے رہیں گے، چودھری پرویزالٰہی نے ایوان میں تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، دونوں رہنمائوں نے مل کر عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی ہمارے اتحادی ہیں، مسلم لیگ کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، اپوزیشن نے کورونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی، اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے، عوام کو ریلیف دینے کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، اپوزیشن نے اپنے دور میں میرے وقت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔