دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے قریب تھانہ امینانی کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید۔ دادو کے امینانی تھانہ کی حدود میں کچے کے علاقے میں دوران گشت ڈاکوؤں کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ گولیاں لگنے کے باعث پولیس اہلکار عبدالحمید پنہور شہید ہوگیا، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ دادو پولیس کے مطابق واقعہ امینانی تھانے کی حدود میں رات کی ڈیوٹی پر گشت پر مامور پولیس پارٹی کو پیش آیا، پولیس پارٹی پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے مسلح ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری۔ شہید پولیس اہلکار نے ورثا میں 4 بیٹوں اور 7 بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔ شہید پولیس اہلکار 1991ء میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا۔ دوسری جانب شہید اہلکار کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے جسد خاکی آبائی گاؤں جکھراجہ میں لایا جہاں شہید کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سرکاری اعزار کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ورثا سمیت پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کرکے مرد و خواتین سمیت 5 افراد گرفتار کرلیے ہیں، جن کو نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔