اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی ہوشربا اضافہ مسترد کر دیا ، چیئرمین بلاول زرداری کی جانب سے اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب عوام کو مزید ریلیف کی ضرورت تھی پیٹرول مہنگا کرنا غریب دشمنی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے والے ماضی میں معمولی اضافوں پر تنقید کرتے رہے ہیں سلیکٹڈ وزیراعظم کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے ‘پہلے عمران خان نے پیٹرول سستا کرا کر ذخیرہ کرایا پھر ایک دم مہنگا کرکے مافیا کو بھرپور فائد ہ پہنچا کر پہلے سے غربت کی چکی میں پسے عوام پر ایک اور بم گرادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پیٹرول سستا کیا تو قلت پیدا ہوگئی اور کم قیمتوں کے ثمرات بھی عوام تک نہ پہنچ سکے جب پیٹرول سستا ہوا تو عام آدمی کیلیے ضروریات اشیاء کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی الٹا آٹا اور چینی کے ساتھ پیٹرول بھی مارکیٹ سے غائب ہوگئے اب جب پیٹرول مہنگا ہوا تو مزید مہنگائی ضرور ہوجائے گی کیا یہی نیا پاکستان ہے جس کے نیازی صاحب غریب عوام کو خواب دکھاتے رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ایسے فیصلوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لے کر عوام کیلیے ریلیف فراہم کیاجائے ۔