کراچی میں گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان منور حسن کی نمازِ جنارہ ادا کردی گئی، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرحوم منور حسن کی نمازِ جنازہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پڑھائی، نمازِ جنازہ ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، معراج الہدی صدیقی، رکن سندھ اسمبلی شید عبدالرشید، جماعت اسلامی کے ذمہ داران و کارکنان سمیت ایم کیوایم رہنما عامرخان، ریحان ہاشمی ،پی ایس پی رہنماء ارشد وہرہ ، آفاق احمد، مرحوم مفتی نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان، جے یو آئی ایف کے قاری عثمان، جمعیت علمائے اسلام (س) کے قاری عبدالکریم عابد ، مسلم لیگ (ن) کے نہال ہاشمی نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے دوران کورونا احتیاطی تدابیر کا بھرپور خیال رکھا گیا جبکہ شرکاء نے منہ پر ماسک لگائے رکھا۔
نمازِ جنازہ کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دنیا بھر کی اسلامی تحریکات اس فیض سےمحروم ہوگئی، عالم افریقہ، عالم یورپ، کشمیر ،فلسطین و افغانستان سے مسلم نمائندگان کی جانب سے سید منور حسن کے لئے پیغام ملا ہے، سید منور حسن کے ساتھ کارکنان بے انتہا محبت رکھتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ان سےمحبت کا تقاضہ ہے کہ زندگی کے آخر تک اپنے مقصد کے جھنڈے کو بلند رکھا جائے،ان کا نعرہ تھا کہ پاکستان میں اسلامی نظام نافذ ہو،اس میں اسلامی ماحول ہو،ہم اس مقصد کے لئے جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منور حسن کی رحلت کے بعد بھی استعمار کے خلاف جنگ بند نہیں کریں گے،گو امریکہ گو کا نعرہ اسی طرح گونجے گا،انشاء اللّہ پاکستان میں لا الہ اللّہ کا راج ہوگا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سید منور حسن قرون اولی کی عملی تصویر تھے،ان کے بارے میں دل گواہی دیتا ہے کہ صحابہ کے نقش قدم پر چلنے والا یہی تھا۔
بعدازاں مرحوم منور حسن کی تدفین سخی حسن قبرستان میں کی گئی۔
https://www.facebook.com/musa.ghani.562/videos/607062713553516/