اسلام آباد(صباح نیوز) پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری پر فرد جرم موخر ہو گئی۔عدالت نے وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم کا فیصلہ کیا ہے، احتساب عدالت اسلام آباد میں پارک لین ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔اس سلسلے میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی۔فاروق
ایچ نائیک نے بتایا کہ یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہیں کورونا وائرس ہوگیا اور آصف زرداری کے لیے سفر کرنا مشکل ہے، ان کی عمر زیادہ ہے اس لیے کورونا وائرس کا خطرہ بھی زیادہ ہے۔اس پر جج اعظم خان نے مکالمہ کیا کہ کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں، جب آپ پیش ہورہے ہیں تو آصف زرداری کو بھی بلا لیں، زیادہ مسئلہ ہے تو آصف زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے آصف زرداری کی غیر حاضری کے باعث ان پر فرد جرم عاید نہیں کی۔احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزمان کو بھی فرد جرم عاید کرنے کے لیے طلب کر لیا۔