شیخ رشید کا ریلوے میں پھر ایک لاکھ ملازمتیں دینے کا اعلان

230

راولپنڈی (خبر ایجنسیاں) ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ریلوے پولیس کو پنجاب پولیس میں ضم کرنے کی اطلاعات کو محض افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی پروگرام ہے‘ ریلوے میں سفر کے لیے فورسز، بزرگ شہریوں اور صحافیوں کو کرائے میں دی گئی رعایت ختم نہیں کریں گے‘ ٹرین کو حادثات سے بچانے کیلیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے‘ 9 جولائی کو ایکنک میں ایم ایل ون پر دستخط کے بعد اسی سال براہ راست ایک لاکھ نئی بھرتیاں کروں گا‘ آئندہ2 ماہ بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان حالات بہتر ہو جائیں گے‘ بھارت چین سے اُلجھنے کی کوشش اب نہیں کرے گا‘چین ہمارا دوست ہے‘ پاکستانی قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے‘ کشمیر میں جو بھی ہو رہاہے‘ بہت غلط ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملٹری اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد جمعے کی سہ پہر راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوئی مضبوط آواز نہیں‘ تحریک انصاف
اپنے گندے کپڑے خود ہی دھو رہی ہے‘ چینی اور آٹا چوروں کے گرد گھیرا تنگ ہونا چاہیے‘ اختر مینگل کہیں نہیں جا رہا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد راولپنڈی کے ملٹری اسپتال سے گھر منتقل ہو گئے ۔ جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شیخ رشید احمد کوٹیلی فون کیا۔ ان کی خیریت دریافت کی اور کورونا سے صحتیابی پر مبارکباد دی۔