کوروناخطرہ ٹلا نہیں،احتیاط نہ کی تو حالات خراب ہوجائینگے،اسد عمر

95

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی،اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار کیں جس کے بہتر نتائج آ رہے ہیں،حکومت کے مؤثر اقدامات اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق عوام کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری رہا تو حالات قابو میں رہیں گے،ماہرین نے 3لاکھ کیسز کا اندازہ لگایا تھا صورتحال بہتر ہونے پر یہ تعداد30جون تک 2 لاکھ 25ہزار رہنے کا امکان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو این سی او سی میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ اگر ہم صحیح کام کریں گے تو صورت حال قابو میں رہے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 4جون کو صوبوں کو سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کی خلاف ورزی پر انتظامی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی،تمام صوبوں نے ان ہدایات پر عمل کیا، صوبوں سے ہفتے میں 3بار اعداد و شمار سے این سی اوسی کو آ گاہ کیا جاتا ہے ۔14جون کو این سی اوسی
نے 20بڑے شہروں میں ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی،ایک ہفتے میں کورونا وائرس کی صورت حال کومد نظر رکھ کر مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔حکومت 2 ہزار سے زاید آکسیجن والے بیڈز فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر احساس ذمے داری کا مظاہرہ کریں گے تو صحت کا نظام مفلوج نہیں ہوگا، کاروبار چلے گا،لوگوں کی صحت کی حفاظت بھی کر سکیں گے اور دہاڑی دار اور مزدور طبقہ بھی متاثر نہیں ہوگا۔