پنجاب اسمبلی، حمزہ شہباز، خورشید شاہ اور میر شکیل کی رہائی کی قرارداد جمع

223

لاہور (آن لائن) حمزہ شہباز ، خورشید شاہ اورمیر شکیل الرحمن کو رہا کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع
کرائی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے آمریت کا لبادہ اوڑ رکھا ہے۔ موجودہ حکومت جمہوریت اور آزادی اظہاررائے پر قدغن لگارہی ہے۔ میر شکیل الرحمن کو بے بنیاد کیس میں گرفتار کیا گیا۔ نیب عمران خان حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے۔ نیب کے جعلی اور ظالمانہ احتساب سے سینئرسیاستدان،بزنس مین ،صحافی اور بیوروکریسی محفوظ نہیں رہی۔نیب حکومت کے مخالفین کو دبائو میں لانے کے لیے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بناتا ہے۔ نیب ملکی معیشت اور جمہوریت کے لیے خطرے کی علامت بن چکا ہے لہٰذا یہ ایوان نیب کی جانب سے سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنانے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ میر شکیل الرحمن،حمزہ شہباز اور سینئر سیاستدان خورشید شاہ کو فوری رہا کیا جائے۔