ٹرمپ انتظامیہ نے مزید 8 ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں لگادیں

146

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے تہران پر اقتصادی دبائو بڑھاتے ہوئے مزید 8ایرانی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جن کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، ان میں زیادہ تر لوہے اور دھاتوں کی تیاری میں کام کرتی ہیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ 4بڑی کمپنیاں لوہے، اسٹیل اور المونیم کی اشیا تیار کرتی ہیں۔ ان میں ایران کی سب سے بڑی اسٹیل کمپنی مبارکہ اسٹیل کمپنی بھی شامل ہے۔ واضح رہے کہ ایران کی مبارکہ کمپنی 2018ء میں امریکا میں بلیک لسٹ کی گئی تھی اور اس کے پاسداران انقلاب کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ اکتوبر 2019ء میں 7 دیگر ممالک نے بھی مبارکہ کمپنی کو دہشت گرد نیٹ ورک کی مدد کے الزام میں بلیک لسٹ کیا تھا۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن منوچن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تہران حکومت منافع بخش ادارں سے حاصل ہونے والی آمدن کو خطے اور دنیا بھر میں عدم استحکام پھیلانے اور اپنے وفاداروں کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کررہی ہے۔ اس میدان میں دھات سازی کے لیے کام کرنے والی کمپنیاں بھی اپنی حکومت کا بھر پور ساتھ دے رہی ہیں۔