سید منورحسن کے انتقال پر سیاسی قیادت کا اظہار افسوس

901

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چوہدری شجاعت حسین، پرویز الہیٰ ،گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر، پی ایس پی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال ، فیاض الحسن چوہان، مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں ، مختلف ایسوسی ایشنز،  وکلاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ غم زندہ خاندان سے گہرے رنج  اور اظہار ہمدردی کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سید منور حسن بے باک اور سچ پر ڈٹ جانے والے شخص تھے، ان کی سیاسی و دینی خدمات کوفراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ منورحسن تمام عمر اپنے نظریات اور ان کے برملا اظہار پر کاربند رہے ان کی دینی، ملی اور قومی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن کی لازوال سیاسی اور مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا،سید منور حسن پاکستان کا اثاثہ تھے۔

مصطفیٰ کمال نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور جماعت اسلامی سمیت تمام لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔