نارووال کیس: عدالت نے ریفرنس دائر نہ کرنے پر نیب سے رپورٹ طلب کرلی

445
نیب

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب سے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کا ریفرنس تاحال پیش نہ کرنے پر رپورٹ طلب کرلی۔

نارووال اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں اختیارات کے غلط استعمال کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہے، سینئر سٹیزن موجودہ حالات میں آنے سے انکاری ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ نارووال کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی مہلت دی جائے۔ جس پر جج محمد بشیر نے برہمی ہوگئے۔

فاضل جج نے کہا کہ  ایسے نہیں چلے گا، تفصیل بتائی جائے کہ ریفرنس دائر کرنے میں کیا مشکل ہے؟

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہوں کو طلب کیا لیکن وہ کورونا کے باعث پیش نہیں ہو رہے۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ وڈیو لنک کے ذریعے بھی تو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرسکتے ہیں۔

جس پر احسن اقبال نے کہا کہ نیب انتطار میں ہے کہ انہیں کوئی وعدہ معاف گواہ مل جائے، مجھے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب میرا نام نہیں تو مجھے کیس سے فارغ کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ لوگوں کو گرفتاری کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے، اگر کوئی گواہ ہی نہیں تو مجھے 2 ماہ قید میں کیوں رکھا گیا؟

احتساب عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے نارووال کیس کا ریفرنس پیش نہ کرنے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئےکیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی۔