اسرائیل مسجد اقصیٰ کو معبد میں تبدیل کرنے جارہا ہے، امام مسجد

2344

مقبوضہ بیت المقدس: مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے مسلم دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کو معبد میں تبدیل کرنے جارہا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطین کی سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئر مین اور مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے مسلم دنیا کو متنبہ کرتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو معبد میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ القدس اوقاف نے مسجد اقصیٰ کے انتظامی امور بہ تدریج اپنے ہاتھ میں لینا شروع کر دیے ہیں۔ اسرائیل کا القدس اور مسجد اقصیٰ کے معاملات میں سرکاری سطح پر مداخلت کرنا خطرے کی گھنٹی ہے۔ خاص طورپر مسجد کے مشرقی حصے جہاں باب رحمت واقع ہے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینا شروع کردیا ہے۔

الشیخ عکرمہ صبری کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ریاستی سرپرستی میں فلسطینیوں کے خلاف صہیونیوں کے جرائم کی حوصلہ افزائی کررہا ہے اور مسجد اقصیٰ کے باب رحمت کو یہودی معبد میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے جو کہ مسلمانوں کیلئے انتہائی تشویش کی بات ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسجد اقصٰی کی بندش کی آڑ میں اسرائیل نے مسجد اقصیٰ کو یہودی عبادت گاہ میں تبدیل کرنا چاہا تھا تاہم مسجد کھلنے سے اسرائیل کی یہ سازش کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔