اسلام آباد(آن لائن ) جعلی اکاو¿نٹس کیس میں آصف زرداری و دیگر ملزمان پر آج فرد جرم عاید کرنے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔نیب نے عدالتی احکامات پر کراچی میں اسکائپ وڈیو لنک کا بندوبست کر لیا ۔خواجہ انور مجید کے لیے کراچی اسپتال میں وڈیو لنک کا انتظام کر دیا گیا ہے ۔وڈیو لنک پر فردِ جرم کے لیے نیب کی 4رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی
۔ٹیم میں نیب کراچی کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، اسپیشل پراسیکیوٹر اور2 آئی ٹی افسران شامل ہیں۔نیب کراچی نے فرد جرم کے انتظامات مکمل کر کے نیب راولپنڈی کو خط لکھ دیا ۔خواجہ انور مجید کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم ایک سال سے التوا کا شکار تھی ۔اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کراچی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں،خواجہ انور مجید پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ریفرنس میں آصف زرداری ، اسلم مسعود ، عبدالغنی مجید ، انور مجید اور دیگر ملزم نامزد ہیں۔ملزمان پر پارک لین کی فرنٹ کمپنی پارتھینون کے نام پر نیشنل بینک سے ڈھائی ارب سے زیادہ کے قرض غبن کا الزام ہے ۔آصف زرداری کو پارک لین کا25فیصد شیئر ہولڈر ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔