اسلام آباد (اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات دونوں ممالک کی ترقی کے لیے ضروری ہیں، دوطرفہ پارلیمانی، تجارتی اور معاشی تعاون موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے افعانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے
ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں ان سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان برادرانہ ہمسایہ ممالک ہیں جو مذہب، ثقافت اور تاریخ کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کو وسط ایشیاءکا ایک گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوب کو وسطی ایشیاءسے ملانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اسپیکر نے دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں اور کاروباری برادریوں کے مابین رابطے تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان وسطی ایشیاءکا گیٹ وے ہے لہٰذا معاشی سرگرمیوں میں باہمی تعاون سے دونوں ممالک میں خوشحالی آ سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپس اور دونوں پارلیمانوں کی تجارتی و مالیاتی کمیٹیوں کے مابین دوطرفہ تعاون اور تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔