دادو (نمائندہ جسارت) ضلع دادو کے مختلف علاقوں میں ٹڈی کے حملے، ہزاروں ایکڑ پر محیط فصلوں کا صفایا ہوگیا، کسانوں اور کاشتکاروں کے اربوں روپے کا نقصان، انتظامیہ اسپرے کرانے میں ناکام۔ ضلع دادو کے کچے کے علاقے سید جڑیل شاہ ٹرسٹ سمیت ضلع بھر کے مختلف علاقوں یوسی سیال، یوسی پپری، سیتا، خداآباد سمیت 20 سے زائد یونین کونسلوں اور دیگر علاقوں میں ٹڈی دل کے لاکھوں کی تعداد میں جھنڈوں نے ہزاروں ایکڑ پر محیط کپاس، جوار اور دیگر سبزیوں کی فصلوں کو کھا کر مکمل صفایا کردیا ہے جبکہ کسانوں اور کاشتکاروں نے اپنے بچوں اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ برتن بجا کر اور اسلحہ سے فائرنگ کر کے ٹڈیوں کو بھگانے کے حربے بھی استعمال کیے، تاہم ٹڈیوں کے 30 کلو میٹر رقبے پر پھیلے ہوئے مسلسل لاتعداد جھنڈوں کی وجہ سے کسانوں کے تمام حربے ناکام ہوگئے جبکہ ٹڈی دل کے سب سے بڑے اور خطرناک حملے سے ضلع دادو میں قحط کے آثار واضح ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، زراعت سے وابستہ لاکھوں خاندانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، جس سے کاشتکاروں اور کسانوں کی خوشحالی کے خواب چکنا چور ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب کچے کے علاقے کے کاشتکاروں اور کسانوں کا کہنا ہے کہ ٹڈیوں کے حملوں سے اب تک نقصان کا اندازہ کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے، اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے انتظامیہ اور حکام کی جانب سے ہماری کوئی بھی مدد نہیں کی جارہی، جس کی وجہ سے ہم اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی تباہی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد سروے کروا کے ٹڈی دل کے حملے سے ہمارے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔