لاڑکانہ، سرکاری ادویات کے 26 کارٹون برآمد کرلیے گئے

151

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سرکاری ادویات نجی میڈیکل اسٹورز پر فروخت ہونے کے معاملے میں پولیس کی کارروائی، سرکاری ادویات کے 26 کارٹون برآمد کیے گئے، مزید گرفتاریاں متوقع۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس پی سٹی رضوان طارق، اے ایس پی یوٹی احمد فیصل چودھری اور ایس ایچ او تھانہ سول لائین نے شہر کے تھانہ مارکیٹ کی حد میں قائم قبرستان میں کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ادویات کے 26 کارٹون برآمد کرلیے، جنہیں تھانہ سول لائن منتقل کیا گیا۔ اس حوالے سے اے ایس پی سٹی رضوان طارق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ درگاہ قائم شاہ کے قریب قبرستان سے ادویات کے 26 کارٹون برآمد ہوئے جبکہ دو نجی گوداموں سے دو کروڑ روپے کی سرکاری ادویات کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات جاری ہیں، گرفتار تین ملزمان کی نشاندہی پر آج چانڈکا اسپتال کے کچھ عملے کو بیانات کے لیے بلایا گیا تھا خوف کے باعث نامعلوم ملزمان سرکاری ادویات قبرستان میں پھینک کر فرار ہوگئے، تاہم کیس میں مزید بڑی گرفتاریوں کے امکانات ہیں۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل لاڑکانہ پولیس نے دو نجی گوداموں سے کروڑوں روپے کی سرکاری ادویات برآمد کرکے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی، جس کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔