لاہور (اے پی پی )وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبے میں عثمان بزدار کے مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب انتظامی و سیاسی معاملات کے ہر محاذ پر پوری مستعدی کے ساتھ مصروف عمل ہیں جبکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی طرز پر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کورونا وبا کے حوالے سے بتایا کہ 66 نئے وینٹی لیٹرز، 34 پورٹیبل وینٹی لیٹرز اور 10 ایکسرے مشینیں پنجاب اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو مہیا کر دی گئی ہیں،گزشتہ 10 دن میں لاہور میں 557، راولپنڈی میں 380 اور ملتان میں 58 نئے بیڈز شامل کیے گئے ہیں جن میں آئی سی یو بیڈز، آکسیجن بیڈز اور کورونا بیڈز شامل ہیں، لاہور نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں ا سپورٹس اسکول کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیر اعلیٰ نے تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے متعلقہ اتھارٹیز کو ایس او پیز کی تیاری کی ہدایات کر دی ہے۔