لاڑکانہ کا ڈائیلاسز یونٹ اگست میں فعال ہوگا‘ایس آئی یوٹی

197

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) اپنے لاڑکانہ ڈائیلائسز یونٹ میں گردے کے مریضوں کو ڈائیلائسز کی سہولیات جلد فراہم کرنا شروع کر دے گی۔ اس یونٹ سے لاڑکانہ اور اس سے ملحقہ وسیع آبادی کو طبی سہولت فراہم ہوگی۔ توقع کی جاتی ہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں یہاں پر طبی سہولیات شرو ع کر دی جائیں گی جہاں سالانہ بنیادوں پر950 مریضوں کے تقریباً ایک لاکھ ڈائیلائسز سیشن ہو سکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ یونٹ سکھر کے ایس آئی یو ٹی چھبلانی میڈیکل سینٹر کا توسیعی حصہ ہے اور اپنے آخری مراحل میں ہے اور اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ تمام تکنیکی اور متعلقہ ضروری سہولیات کے کام معینہ وقت میں مکمل ہوجائیں گے۔ ایس آئی یو ٹی سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق ریورس اوسموسس کے ذریعے پانی صاف کرنے کے نظام کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے اور یہ ہفتے بھر میں استعمال کے قابل ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ نکاسی آب کا نظام جو لوکل گورنمنٹ کا منصوبہ ہے حتمی مراحل میں ہے۔