لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے کورونا کے بارے میں کنفیوژن پر تشویش کا اظہار کیا ہے‘ ملک میں کورونا سے اموات اور مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ وزیر اعظم کے بیانات برعکس ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اس کنفیوژن اور افراتفری کی بار ہا نشاندہی کی‘ کورونا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کا تقاضا کیا ہے‘ کورونا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم ہر روز ایک نیا عذر تراش رہے ہیں‘ صوبوں کے خلاف بولنا مسئلے کا حل نہیں ہے‘ وقت ضائع کرنے اور بے عملی کا نتیجہ شہریوں کی اموات کی صورت میںنکل رہا ہے‘ وزیراعظم کو این سی او سی کے اجلاس میں بلاکر بریفنگ دی جائے‘ وفاق اور صوبے مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں ‘ جون کے آخر اور جولائی میں کورونا کے بلند ترین سطح پر ہونے کی اطلاعات کو سنجیدہ لیاجائے‘ آکسیجن سلنڈرز، وینٹی لیٹرز اور کورونا کے علاج کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔