اوکاڑہ (این این آئی)اوکاڑہ کے نواحی قصبہ بصیرپور کے محلہ غوث پورہ میں محنت کش نے بیوی اورچھوٹے بھائی سمیت زہریلی گولیاں کھاکرخودکشی کرلی جاں بحق ہونے والوں میں وقاص،اس کی بیوی ناہید اختر اور چھوٹابھائی ا شفاق شامل ہیںوقاص کی دو ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی جس کے اخراجات سے خاندان ڈیڑھ لاکھ روپے کامقروض ہوگیا۔لاک ڈا ئون میں مالی حالات خراب ہونے سے قرض کی ادائیگی نہ ہونے پروالدہ نے وقاص کوڈانٹ ڈپٹ کی جس پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے بیوی اور بھائی کے ساتھ مل کر خود کشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق محلہ غوث پورہ بصیرپور کے رہائشی محنت کش نذر محمد نے اپنے نوجوان بیٹے وقاص کی شادی عرصہ دو ماہ قبل ناہید بی بی کے ساتھ کی نذر محمد نے بیٹے کی شادی کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم ادھار لی تھی جس کو اتارنے کے لیے وقاص کی والدہ صغراں بی بی نے بیٹے سے کہا کہ وہ ہر ماہ تھوڑی تھوڑی رقم اکٹھی کرکے انہیں دیں تاکہ ادھار کی رقم اتاری جا سکے مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھریلو حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے تھے اور ادھار لی گئی رقم بھی اتارنے سے قاصر ہوگئے جس پر وقاص نے دل برداشتہ ہو کر زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وقاص احمد رات دو بجے اپنے گھر پر آیا اور ساتھ گندم میں ملانے والی زہریلی گولیاں لے آیا وقاص نے اپنی بیوی ناہید اختر اور بھائی اشفاق کو جگایا بیوی اور بھائی کو زہریلی گولیاں کھلانے کے بعد خود بھی کھا لی اسی دوران وقاص میں اپنی والدہ صغرا بی بی کو بھی زہریلی گولیوں کے متعلق بتایا چیخ و پکار پر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے انہوں نے وقاص اس کی بیوی اور بھائی کو طبی امداد کے لیے بصیرپور اسپتال منتقل کیا یہاں پر وقاص اور اس کی بیوی ناہید اختر دم توڑ گئے جبکہ اشفاق کو ٹی ایچ کیو اسپتال دیپالپور منتقل کیا گیا جہاں پر وہ بھی دم توڑ گیا۔ پولیس نے تینوں عشروں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا اور تفتیش شروع کر دی ۔ جاں بحق ہونے والے وقاص کے بوڑھے والد نذر محمد نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں وقوع کو اتفاقیہ قرار دیتے ہوئے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا کہا ہے جبکہ ڈی پی او اوکاڑہ عمر سعید ملک نے وقوع کی تحقیقات کے لیے پولیس کی اسپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے جو انہیں رپورٹ پیش کرے گی۔