عدالت سے بھاگنا عمران خان کا وتیرہ ہے، مریم اورنگزیب

171

لاہور( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شہبازشریف کے ہتک عزت کے دعوے میں ایک بار پھر التوا مانگنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت سے بھاگنا عمران خان کا وتیرہ ہے، وزیراعظم اور حواری سیاسی، قانونی، انتقامی اور عوامی سطح پر ہار چکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو کورونا سے فرق نہیں پڑتا لیکن جب عمران صاحب کے عدالتوں میں پیش ہونے کی باری ہو توکورونا کا بہانہ بنایا جاتا ہے۔
جتنی جرات سے شہبازشریف پر الزام لگایا تھا، اب اس کا ثبوت بھی اسی جرات سے دیں۔61 سماعتوں میں 34 مرتبہ التوا کے پیچھے آپ کا جھوٹ چھپ نہیں سکتا۔ہتک عزت کے مقدمے سے لے کر فارن فنڈنگ کیس تک ہر مقدمے میں آپ مفرور ہیں۔عمران صاحب عدالتوں سے بھاگنے سے ثابت ہوگیا کہ آپ نے جھوٹ بولا اور آپ کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔عمران صاحب سیاسی، انتظامی، قانونی اور عوامی ہر سطح پر آپ ہار چکے ہیں۔