جمہوریت ، آئین و قانون کی حکمرانی کیلیے جدوجہد جاری رکھیں گے بلاول

207

 

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین و قانون کی حکمرانی، غربت کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے یوم ولادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے
کہا کہ بے نظیر بھٹو نے بطور سیاسی رہنما اور وزیر اعظم، پاکستان کی سیاست، معیشت اور معاشرے پر مثبت و گہرے نقوش چھوڑے، آئین کی اصل شکل میں بحالی، پارلیمان کو اختیارات کی منتقلی، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی ،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت، خواتین اور اقلیتوں سمیت پسماندہ طبقات کو ہر فورم پر نمائندگی ان کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، غربت کے خاتمے اور عوام کی ترقی و بہبود کے منصوبے اور دہشت گردی و انتہاپسندی کی بیخ کنی بھی ان ہی کی کاوشوں کے پھل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر نے اپنے والد سمیت 2 بھائیوں کی قربانیوں کے باوجود عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھی، 2 آمروں کو پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہمیشہ کے لیے سیاسی زوال کی قبروں میں دفن کیا، وہ قوتیں جو کل اس نہتی لڑکی سے ڈرتے تھے، آج اس کے نام سے لرزتے ہیں، یہی وجہ ہے آئے روز بے نظیر بھٹو کا نام اداروں اور عمارتوں سے ہٹانے میں لگے ہوتے ہیں لیکن وہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح بے نظیر بھٹو کو بھی 22 کروڑ عوام کے دلوں سے مٹا نہ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی مشکل حالات اور چیلنجز ہی قیادت کی کسوٹی ہوتے ہیں، کورونا وائرس اور ٹڈی دل سمیت ملک کو درپیش چیلنجز کے دوران آج ہر پاکستانی بے نظیر بھٹو کی مدبرانہ قیادت کی کمی کو شدت سے محسوس کر رہا ہے، پیپلز پارٹی اپنی شہید چیئرپرسن کے مشن پر سختی سے کاربند رہے گی۔