لاہور (نمائندہ جسارت) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تاریخی بجٹ خسارے کو حکومتی دعوئوں کی تردید قرار دے دیا۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار بجٹ خسارہ ملکی جی ڈی پی کے 10 فیصد سے بھی زاید ہونا کورونا سے بھی زیادہ پریشان کن ہے۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ برس بجٹ خسارہ 7.1 فیصد ہونے کا حکومتی دعویٰ غلط ثابت ہوا، آج سچائی ثابت ہوئی کہ یہ خسارہ جی ڈی پی کا 9.1 فیصد ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس سال حکومت کا دعویٰ بجٹ خسارہ 9.1 فیصد کا ہے لیکن آزاد ماہرین معیشت کے نزدیک یہ جی ڈی پی کے 10 فیصد سے زاید ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ بھی ثابت ہوگیا کہ تاریخی بجٹ خسارہ کورونا وبا سے پہلے ہی ہماری معیشت چاٹ چکا تھا، موجودہ حکومت بجٹ خسارے کے علاوہ گردشی قرض قابو کرنے میں بھی مکمل ناکام رہی۔بجٹ گواہی دے رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نہ صرف نااہل ہے بلکہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے جھوٹ بھی بول رہی ہے۔