اسلام آباد (آ ن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے شہید قائد بے نظیر بھٹوکی سالگرہ طبی عملے سمیت کرونا وبا میں انسانیت بچانے والوں کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ کے موقع جاری بیان میں کہا ہے کہ پارٹی عہدیدار اور کارکن احترام انسانیت کی علمبردار بی بی شہید کی سالگرہ اپنے اپنے گھروں میں منائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا میں انسانیت بچانا پہلی ترجیح اور فرض ہے، کورونا وبا کی وجہ سے پارٹی عہدیدار اور کارکن الیکٹرونک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر اپنی قائد کے بے نظیر کارناموں کو اجاگر کریں اور آمریت کے خلاف ڈٹ جانے، تحریک بحالی جمہوریت کی مردانہ وار جدوجہد، عوامی جمہوری دور کی یادگار خدمات پر بی بی شہید کو خراج عقیدت پیش کریں۔ انہوں نے پارٹی تنظیمی عہدیداران اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کیلیے ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔