اسلام آباد (آن لائن) وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست عصمت دری کو مقبوضہ کشمیر میں جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی آئی ہے، حکومتیں معاشرے سے اس خوفناک جرم کے خاتمے کیلیے کوشش کرتی ہیں مگر مودی حکومت ڈھٹائی سے اس جرم کے خاتمے کے بجائے اسے نہتے کشمیری عوام کو ہراساں کرنے کیلیے جاری رکھے ہوئے ہے جس پر عالمی برادری کی خاموشی بھی لمحہ فکر ہے، اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر مظالم اور اجتماعی زیادتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو ان گھنائونے اقدامات سے روکنا ہوگا۔ تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب حکومتیں خود جنسی تشدد کا استعمال پالیسی کے طو ر پر کرتی ہیں وہ قابل مذمت ہے جس طرح قابض بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرتی آئی ہے۔ 23 فروری 1991ء کو بھارتی فوج نے کونان اور پوش پورہ میں اجتماعی زیادتی کی تھی جو کہ اب عالمی سطح پر بھی تصدیق شدہ ہے۔