ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) سول اسپتال ٹھٹھہ کی او پی ڈی 12ویں روز بھی ملازمین کے بائیکاٹ کے باعث بند رہی، محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کے یونین اتحاد گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مرکزی عہدیداران کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے سندھ حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم، مطالبات نہ ماننے کی صورت میں شعبہ ایمرجنسی کے بائیکاٹ کا اعلان۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس ٹھٹھہ کی جانب سے سول اسپتال مکلی کی او پی ڈی کے بائیکاٹ کو 12 دن مکمل ہوگئے ہیں، محکمہ صحت کے ملازمین نے اپنے جائز مطالبات رسک الاؤنس، پروموشن، سروس اسٹرکچر سمیت دیگر مطالبات کے حق میں گزشتہ 12 روز سے سول اسپتال مکلی کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کرکے احتجاجی کیمپ قائم کر رکھا ہے، جس میں آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ایپکا ہیلتھ ونگ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ٹھٹھہ، ینگ نرسز ایسوسی ایشن ٹھٹھہ، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف کے رہنما عبدالکریم بھاند، حاجی اشرف خشک، ڈاکٹر محمود، ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر ذوالفقار، محمد بچل پنہور، معشوق پنہور، انور جاکھرو، لیاقت عباسی، قادر ہالو سمیت دوسرے رہنماؤں نے احتجاجی کیمپ میں جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کو یاد دہانی کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا کیخلاف جنگ کے پہلی صف کے سپاہی ہیں، وہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت کررہے ہیں مگر سندھ حکومت جائز مطالبات تسلیم نہیں کررہی۔ انہوں نے سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو اسپتالوں کی ایمرجنسی بند کی جائیگی اور احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ دوسری جانب اسپتالوں کی او پی ڈی بند ہونے سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔