سرگودھا میں کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس سے مزید 2 ڈاکٹرز انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکواٹر اسپتال سلانوالی کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمنورعلی اور نجی میڈیکل کالج کے ڈاکٹر ارشاد نبی عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جبکہ ضلع میں 12 ڈاکٹرز سمیت محکمہ صحت کے 39 اہلکار کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے تعزیتی اجلاس میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 62 جبکہ 3,229 مریض انتقال کرگئے۔