لاڑکانہ ،کار اورموٹرسائیکل میں تصادم، 2افراد جاںبحق،ایک زخمی

148

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں تصادم، دو افراد جان بحق، ایک زخمی، پولیس نے کار تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ رتودیرو روڈ پر تیز رفتار کار ٹکر میں رتودیرو شہر کے فتح پور محلہ کا رہائشی رام داس اور 16 سالہ شیوم داس شدید زخمی ہوئے جبکہ کار ٹکر کے نتیجے میں 19 سالہ راہ گیر نوجوان کپتان گوپانگ موقع پر دم توڑگیا اور حادثے کے بعد کار ڈرائیور فرار ہوگیا۔ اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر کار تحویل میں لے کر متوفی کپتان کی لاش تعلقہ اسپتال رتودیرو جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے لاڑکانہ چانڈکا اسپتال منتقل کیا جہاں رام داس کے موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی اور زخمی کو طبی امداد دی گئی، پولیس کے مطابق کار سوار لاڑکانہ سے دھامراہ جبکہ موٹرسائیکل سوار رتودیرو سے لاڑکانہ جارہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آیا، دوسری جانب دونوں متوفین کی لاش گھر پہنچادی گئی ۔ قنبر شہدادکوٹ ضلع کے تھانہ سجاول جونیجو کے گاؤں رحیم داد گوپانگ میں زرعی زمین کے تنازع پر گوپانگ برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوا جہاں فائرنگ اور کلہاڑیوں کے وار سے پانچ افراد 65 سالہ دلبر گوپانگ، ان کے بیٹے نور محمد، امداد علی، میر حسن اور پوتا حاکم علی گوپانگ شدید زخمی ہوئے۔اس موقع پر زخمیوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ ان کا اپنی ہی برادری کے بااثر افراد کے ساتھ پرانا زمینی تنازع چل رہا ہے جس معاملے پر بااثر افراد نے پستول سے فائرنگ اور کلہاڑیوں کے وار کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا ہے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے ضلع قنبر شہدادکوٹ کی پولیس اسٹیشن مہی مکول کی حدود میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ضمیر حسین چانڈیو کے شہید اور دوسرے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ کو ملوث ڈاکوئوںکے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس کے علاوہ شہید اہلکار کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں محکمہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی قربانی پر محکمہ پولیس کو فخر ہے اور شہید کی دی ہوئی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ اس موقع پر زخمی اہلکار کے علاج کے لیے ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ کو ہدایات بھی جاری کیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے فرائض میں غفلت پر 34 پولیس افسران و اہلکاران کے خلاف محکمانہ کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف سزائیں دی ہیں جن میں انسپکٹرز، سب انسپکٹرز و دیگر اہلکار شامل ہیں، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کے جاری کردہ احکامات پر مختلف علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشن 23 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا،حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت کی گئی جس میں دو افراد عمران کلہوڑو اور جابر کلہوڑو کی شناخت مطلوب ملزمان کے طور پر ہوئی ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ ایس ایس پی کی ہدایات پر بے گناہ افراد کو رہا کیا گیا جبکہ ایس ایس پی مسعود احمد بنگش نے اپنے دفتر میں شہریوں اور سائلین سے ملاقاتیں کرکے مسائل سنے اور بروقت حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔