بحر ہند میں ایران کے کروز میزائل تجربات

255

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے بحر ہند کے شمال میں نئے میزائل تجربات کر ڈالے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق جمعرات کے روز ایرانی فوج نے بحر ہند کے شمالی اور خلیج عمان کے درمیان ایک علاقے میں فوجی مشقیں کیں۔ ان مشقوں کے دوران وزارت دفاع کی طرف سے تیار کردہ کروز میزائل کے خشکی سے سمندر اور سمندر سے سمندر کی جانب تجربات کیے گئے، جنہوں نے 200 کلومیٹر تک کا فاصلہ کامیابی سے طے کیا۔ یہ کم مسافت اور دور تک مار کرنے والے بحری کروز میزائل تھے اور ان کے تجربات کامیاب رہے۔ ان میزائلوں سے سمندر کے اندر 80 اور 200 کلو میٹر کی دوری پر اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان میزائلوں میں مزید دوری پر واقع اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے توانائی بڑھائے جانے کی بھی گنجایش رکھی گئی ہے۔ ان مشقوں کے اختتام پر ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈی نیٹر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے ایران کے بحری کروز میزائلوں کو ایران کی دفاعی توانائی کے فروغ میں ایک بنیادی اور امید افزا قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین ظالمانہ پابندیوں کے دور میں بھی بغیر کسی بیرونی معاونت کے اپنی صلاحیتوں اور مقامی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر دفاعی شعبے میں ترقی و پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل حسین خانزادی نے بھی فوجی مشقوں اور بحری کروز میزائلوں کے تجربے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقامی ٹیکنالوجی کے ساتھ ایران کے جوان ماہرین کی کامیاب کوششیں اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ ایران نے اپنے عوام اور نظام کے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے کا اپنی بنیاد پر مقابلہ کرنے کی توانائی میں قابل ذکر اضافہ کیا ہے۔ جب کہ اس موقع پر ایرانی نائب وزیر دفاع بریگیڈیر قاسم تقی زادہ نے رمضان میں اپنے ہی میزائل کا نشانہ بننے والے بحریہ کے ایل کاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی بحری فوج کی دفاعی توانائیوں اور صلاحیتوں کو مضبوط ومستحکم بنانے میں اپنے اعلیٰ اہداف کی سمت گامزن رہے گا اور ایران دفاعی وسائل کی تیاری میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ہے۔