حکمران جماعت نے اتحادیوں کو بھی بے وقوف بنایا، ناصر حسین

643

کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات ، بلدیات و جنگلات ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف  کی وفاقی حکومت مانگے تانگے کی حکومت ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ  حکمراں جماعت نے نہ صرف الیکشن میں لوگوں بلکہ اپنے اتحادیوں کو بھی بےوقوف بنایا اور یہی وجہ ہے کہ اب ان کے اتحادی ان سے آہستہ آہستہ علیحدہ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز اربن فاریسٹری اور دیگر شہروںمیں سر سبز سندھ پروگرام کے تحت شجرکاری کی جائے گی تاکہ لوگوں کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ملک کے دیگر صوبوں کے تو دورے کیے ہیں لیکن سندھ آنے سے گریز کر رہے تھے تاہم مجبوری کے تحت آئے بھی تو وزیر اعلی سندھ سے ملاقات نہیں کی صرف اپنے لوگوں سے ملاقات کر کے چلے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اپنی مدد آپ کے تحت ایسے علاقے جہاں پر کورونا کے کیسز زیادہ ہیں، ان علاقوں  کو سیل کر رہی ہے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

ناصر حسین کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں ریلیف صرف امیروں کیلئے ہے غریبوں کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت کی روایت رہی ہے کہ ایک بجٹ پیش کرنے کے بعد ایک ہی سال میں سپلیمینٹری بجٹ اور منی بجٹ کے نام سے دیگر بجٹ بھی پیش کئے جاتے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ اس باروفاقی حکومت کی طرف سے “انصاف بجٹ” کے نام سے بھی کوئی بجٹ پیش کیا جائے۔