برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمن صوبے بادن ورٹمبرگ میں حکومتی انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران وسیع تباہی والے ہتھیاروں کے حصول کا مصمم ارادہ رکھتا ہے۔ 181 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق ایرانی نظام ابھی تک اس ساز و سامان کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے جو بین الاقوامی طور پر ممنوع ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ تہران نے گزشتہ برس جرمنی کے جنوبی صوبے بادن ورٹمبرگ میں کمپنیوں سے اس نوعیت کا ساز و سامان خریدنے کی کوشش بھی کی تھی، تاہم اس نوعیت کی فروخت کی کارروائیوں میں ملوث کمپنیوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔ دوسری جانب ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی برائن ہک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران پر اسلحہ کے حصول پر عائد کی گئی پابندیوں میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع ہونی چاہیے۔ عرب ٹی وی کے مطابق تعلقات عامہ کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران پر اسلحہ کے حصول پر عائد پابندی کو کسی تاریخ تک محدود رکھنا نہیں چاہیے۔