لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے پاکستان میں افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے اسلام آباد میں سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں ۔اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ اب اگر امریکا کا افغانستان سے جانا طے ہوگیا ہے تو یہ صدی کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔خطے سے امریکی افواج کا انخلا افغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دلیر اور جرأت مند عوام نے بیرونی جارحیت قبول کی اور نہ کبھی بیرونی آقائوں کو سپورٹ کیا ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ افغان عوام کے دکھ دردکو اپنا دکھ درد سمجھتے ہوئے اس میں شرکت کی ہے ۔پاکستانی قوم نے بھی افغان مہاجرین کو اپنے دلوں اور ملک میں جگہ دی اور ان کو عزت و احترام اور وقار کے ساتھ اپنے پاس ٹھیرایا۔انہوں نے کہا کہ ایشیا میں امن کے لیے افغانستان میں امن انتہائی ضروری ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کابل میں بھارت کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے لیے نقصان دہ ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغان عوام کے برادرانہ تعلقات میں مزید نکھار پیدا ہو اور افغانستان اور پاکستان کے نوجوانوں ،طلبہ ،اساتذہ ،ڈاکٹرز ،انجینئرز اور مختلف شعبوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔اسی طرح پاکستانی اور افغان خواتین کے درمیان گھریلو دستکاریوں سمیت مختلف نوعیت کے امور میں باہمی تعلقات کو فروغ ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور افغان عوام اسلام کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں دونوں کا ماضی حال اور مستقبل ایک ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان میں بہت خون بہاہے ۔اب افغانستان کو ایک پرامن ملک کے طور پر آگے بڑھنا اور دنیا میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس خطے میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔دونوں ملکوں کو پڑوسی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کو اس وبا سے بچانے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کابل کی مسجد اور اسپتال میںہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور افغان سفیر سے اظہار تعزیت کیا ۔