عرب ممالک کے دباو میں آکر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ،شاہ محمود قریشی

254

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عرب ممالک کے دباو  میں آکر اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔منگل کو قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے وضاحت طلب کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں،ہم 2ریاستی نظریے کے کل بھی حمایتی تھے اور آج بھی ہیں لہٰذا واضح طور پر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے نہیں جارہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فلسطین پر وہی مو¿قف ہے جو مسلم لیگ ن اور پی پی پی کا مو¿قف تھا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل چاہتے ہیں اور ہمارا مو¿قف ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہو۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کے سلامتی کونسل کے مستقل رکن بننے کی بات ہی نہیںکی ، بھارت کے لیے جو تائید اور کوشش کرتے رہے ہیں، انسے ہم متفق پہلے تھے نہ اب ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے یواین سلامتی کونسل میں مستقل رکن بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارت پہلے بھی 7 مرتبہ سلامی کونسل کا غیر مستقل ممبر رہا جب کہ پاکستان بھی 7مرتبہ ممبر رہا ہے، بھارت سیکورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن بن بھی گیا تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔وزیر خارجہ کے بیان پر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے حزب اختلاف کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر خارجہ کے جواب کا شکر گزار ہوں، اگر شروع میں یہ وضاحت کردی جاتی تو تلخی نہ ہوتی، پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے اس پر ابہام نہیں ہونا چاہیے۔