پنجاب کا بجٹ ڈی جی خان،لودھراں اور میانوالی کیلیے پیش کیا گیا،لیگی رہنما

226

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری اورترجمان پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ صرف ڈی جی خان،لودھراں اور میانوالی کیلئے پیش کیا گیا،لاہور کے عوام کو یکسر نظر انداز کیا ہے،شہباز شریف کا پنجاب آج لاوارث اور یتیم ہو چکا ہے۔ لوگ مررہے ہیں حکومت لاک ڈائون اور اسمارٹ لاک ڈائون میں الجھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اویس لغاری نے کہا سرکاری ملازمین سمیت کسی مزدور تک کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئی۔جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا جنگلات کا منصوبہ تباہ کیا گیا۔سائوتھ پنجاب فورسٹ منصوبے کو اچانک ختم کردیا۔پنجاب میں 10 لاکھ افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔ایک ایل ڈی اے کا بجٹ اربوں روپے میں ہوتا ہے لیکن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے ڈیرھ ارب روپے رکھا گیا ہے۔ ہائرایجوکیشن کو3ارب کے ترقیاتی بجٹ دیے ہیں۔ 331 ارب گندم خریداری کے لیے رکھے گئے ۔ترجمان پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا یاسمین راشد نے لاہوریوں کے متعلق تضحیک آمیز گفتگو کی۔مسلم لیگ (ن) ان کے بیان کی شدید مذمت کرتی ہے،یاسمین راشد میڈیا پر آکر معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف 578 ارب پر ترقیاتی کام چھوڑ کر گئے ۔بزدار حکومت نے 255ارب روپے خرچ کرنے کا ٹارگٹ رکھا اور خرچ 178ارب استعمال کیے۔