فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے ایران کیخلاف قرار داد تیار کرلی

326

ویانا (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کی گورنرز کونسل کے اجلاس سے قبل ایک قرارداد کے مسودے کو حتمی شکل دی گئی ہے، جس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی معاینہ کاروں کے ساتھ جامع طور پر معاملہ انجام دے۔ خبر رساں ایجنسی بلوم برگ کے مطابق قرارداد کے منظور ہونے کی صورت میں 2012ء کے بعد ایران کے خلاف پہلی سفارتی مذمت ہوگی۔ ماہرین کے مطابق قرار داد کو امریکی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے۔ قرارداد کے ذریعے تینوں یورپی ممالک نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ایران نے جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کو درست طریقے کے مطابق جوہری مقامات تک رسائی کی اجازت نہیں دی۔ اس سے قبل پیر کے روز ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا تھا کہ اگر جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی نے کوئی غیر تعمیری فیصلہ کیا تو ہمارا جواب سامنے آ سکتا ہے۔ عالمی ایجنسی کی گورنرز کونسل کا 4 روزہ سہ ماہی اجلاس پیر کے روز شروع ہو چکا ہے، جس میں ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے آئی اے ای اے کے سربراہ کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔