اسلام آباد ہائیکورٹ ،ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد

153

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد کردی‘ ایک شہری کی درخواست پر کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی‘ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دےے کہ عدالت مداخلت نہیں کرے گی‘ یہ ایگزیکٹو کا کام ہے ‘ وہی اس کو دیکھے‘ کورونا وائرس تو قوم اور حکومت کے لیے چیلنج ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ اسکول کیوں کھلوانا چاہتے ہیں؟‘ ہم نے تو عدالتیں بھی حکومتی پالیسی کو مدنظر رکھ کر کھولی ہیں۔ درخواست گزر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نجی اسکولوں سے منسلک سارے لوگوں کی نوکریاں ختم ہو رہی ہیں‘ حکومتی پالیسی سے لوگوں کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دےے کہ اس وقت سب سے بڑا بنیادی مسئلہ زندگی بچانا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا باقی ممالک میں اسکولز کھولے گئے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پرائیویٹ اسکولز ٹیچرز کے لیے کچھ نہیں کیا عدالت حکومت سے جواب مانگے۔