اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے رحیم یار خان سے گنے کے کاشتکار کی شوگر ملز کیس میں فریق بننے کی درخواست پر سماعت کی ‘ وفاق نے گنے کے کاشتکار کی کیس میں فریق بننے کی حمایت کردی‘ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چینی 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کا کیا بنا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے عدالت کو بتایا کہ خط و کتابت جاری ہے لیکن مارکیٹ میں چینی70 روپے فی کلو دستیاب نہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دےے کہ پھر تو بات ہی ختم ہو گئی‘ حکم امتناع تو چینی کی قیمت کم کرنے سے مشروط تھا‘ جب مشروط حکم امتناع پر عمل ہی نہیں ہوا تو پھر حکم امتناع کیسا؟ عدالت اس طرح قیمتوں کا تعین تو نہیں کر سکتی ہے یہ تو ایگزیکٹو کا کام ہے‘ عدالت نے19جون کو شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کیس مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔