کراچی (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تیسر ٹاو¿ن میں لاک ڈاو¿ن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے محمد جاوید بھٹی کی رہائش گا ہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات ،اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی ۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر ضلع شمالی محمد یوسف ، نائب امیر ضلع رضوان شاہ، پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شمالی کے صدر ابوالضیا پرویز، ناظم علاقہ تیسر ٹاو¿ن محمد فاروق ، شہید کے بھائی سلیم ودیگر بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے شہید کی رہائش گاہ پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے کونے کونے میں جماعت اسلامی کے کارکنان ایک خاندان کی طرح ہیں، جاوید شہید جماعت اسلامی کا قیمتی سرمایہ تھے ، ہم ان کاخون رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،لاک ڈاو¿ن کے دوران متاثرہ افرادکی خدمت میں مصروف کارکنان پر دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے یہ سمجھ لیا کہ وہ انہیں عوام کی خدمت سے دو ررکھ سکیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے ،ہم حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جاوید شہید کے قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔ محمد یوسف نے کہاکہ شہیدجاوید اس علاقے میں جماعت اسلامی کے باہمت کارکن تھے ،ان کی شہادت کو کئی دن گزرگئے ،حکومت نے اگر ان کے قاتلوں کو سزا نہیں دی تو ہم بھر پور احتجاج کریں گے ۔