ٹھٹھہ ( نمائندہ جسارت ) وفاقی حکومت کی جانب سے سالانہ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ نعرے بازی،ایجوکیشن آفس مکلی کے گیٹ کے سامنے آپکا ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اس موقع پر آپکا رہنمائوں ولی محمد جاکھرو،مہتاب حسین قریشی،برادیو سموں،احمد نواز پٹھان،تاج حسین بروہی، جہانگیر، سجاد، الطاف، راجو قریشی،محمد شورواورحنیف چنڈ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں جس میں سرکاری ملازمین کو نظر انداز کرکے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا جوکہ بہت بڑی نا انصافی ہے ملک میں مہنگائی ہے، پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے باوجود روزمرہ کے استمعال، کھانے پینے کی اشیا کو مہنگے دام فروخت کر کے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال مہنگائی کے تناسب سے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کیا جاتا ہے مگر وفاقی حکومت کا یہ بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے اس بجٹ سے عوام بھوکے مر جائیں گے وفاق کو چاہیے کہ سو فیصد مہنگائی کے حساب سے تنخواہیں بڑھا کر ملازمین میں پھیلی بے چینی کو ختم کیا جائے۔