اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں مواصلات کے 57 منصوبے رکھے گئے ہیں ۔ سی پیک سمیت نئے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ قومی خزانے پر بوجھ بنے بغیر1800 کلو میٹر سڑکیں بنائیں گے ۔ مشکل وقت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج دیا ۔وزیراعظم آفس کے اخراجات میں پہلے سال 20 کروڑ دوسرے سال 18کروڑ روپے کی بچت کی ۔ این ایچ اے نے کفایت شعاری مہم کے تحت ایک ارب 68 لاکھ روپے کی بچت کی اتوار کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ تباہ حال اداروں کوبہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے لارہے ہیں ۔ ہم کفایت شعاری اور بچت کی پالیسی پر گامزن ہیں اس کا آغاز وزیراعظم نے خود سے کیا۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ سی پیک پاکستان چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے جوآگے بڑھ رہا ہے یہ پاکستان کا منصوبہ ہے ۔ پوری قوم سی پیک کی ترقی چاہتی ہے ہم نے سی پیک کے مغربی روٹ پر کام شروع کردیا ہے خوشی کی بات ہے کہ بلوچستان سائوتھ کے پی کے کے علاقے بھی سی پیک کا حصہ بن رہے ہیں۔