سکھر، کورونا سے بچائو کی آگاہی کے لیے تاجر میدان میں آگئے

222

سکھر (نمائندہ جسارت) ملک میں تیزی سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں کی جانب سے مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر سکھر کی تاجر برادری بھی شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے میدان عمل میں آگئی ہے، گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن اناج بازار کے جنرل سیکرٹری شبیر میمن نے تھانہ بی سیکشن کے ایس ایچ او فیاض عباسی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں گھنٹہ گھر، پان منڈی، مرچ بازار، شہید گنج سمیت دیگر بازاروں و تجارتی مراکز میں شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کیے ساتھ ساتھ شہریوں کو اس پر آمادہ کیا کہ وہ ماسک کا استعمال اپنے معاملات زندگی میں لازمی بنائیں گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شبیر میمن نے شہریوں کو مفت ماسک تقسیم کرتے ہوئے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ یہ وبا تیزی سے پھیل رہی جو کہ صرف ہماری لاپروائی اور غیر سنجیدگی کا نتیجہ ہے اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور اس وائرس کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو یہ وباء پورے ملک میں مزید تباہ کاریاں پھیلا سکتی ہے۔ شبیر میمن کا کہنا تھا کہ اس وائرس کا اب تک نہ تو کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین تیار کی گئی ہے، اس سے بچنے کا واحد علاج صرف احتیاط ہے تو خدارا شہری خود ماسک سینی ٹائزر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کریں تاکہ خود کو اور اپنے بچوں کو اپنے گھر والوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔