سکھر، صالح پٹ کے قریب نوجوان کی تشدد شدہ نعش برآمد

361

سکھر (نمائندہ جسارت) صالح پٹ کے قریب نوجوان کی تشدد شدہ لاش برآمد، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال پہنچا دی نوجوان رات کو گھر کے قریب کھیتوں میں پانی کے وارے پر گیا تھا کہ کھیتوں سے تشدد زدہ لاش ملی۔ ہماری کسی سے دشمنی بھی نہیں، ورثا۔ واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔ سکھر ضلع کی تحصیل صالح پٹ کے گاؤں بھارڑو میں 19 سالہ نوجوان علی در ولد ریاض ملاح کی لاش اس کے گھر کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوئی، جس کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ پولیس نے اطلاع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روہڑی اسپتال پہنچا دی، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کیا اور اسے لے جاکر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا اور لاش گھر کے باہر کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے قتل کے حوالے سے علاقے میں تفتیش شروع کردی ہے۔ لاش پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ ورثا نے بتایا کہ رات کو علی در پانی کے وارے پر کھیتوں میں گیا تھا جہاں سے اسے کسی نے اغوا کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرکے لاش ہمارے گھر کے قریب پھینک دی، یہ ہمارے ساتھ بڑا ظلم ہوا ہے، ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ آخری اطلاع تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہو ا تھا۔ روہڑی پولیس کی خفیہ اطلاع پر لوکوشیڈ کے علاقے میں کارروائی کرکے ایک ہفتہ قبل روہڑی کے علاقے سے چوری کیا گیا رکشہ اور لوڈر برآمد کرلیا گیا، موقع سے ایک ملزم گرفتار۔ رکشہ ڈرائیور میر حسن عباسی نے ایس ایس پی سکھر کو درخواست دی کہ اس کا رکشہ چوری ہوگیا ہے، جس کی اطلاع بروقت پولیس کو دی کہ 9 جون کو گنگوٹی گراؤنڈ کے قریب اس نے اپنا رکشہ کھڑا کیا لیکن بعد میں دیکھا تو موجود نہیں تھا۔ واقعہ کا ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او روہڑی کو ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے رکشہ برآمد کرنے کے احکامات جاری کیے۔ روہڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے مسروقہ رکشہ اور لوڈر برآمد کرلیا۔ قانونی کارروائی کے بعد برآمد شدہ رکشہ اور لوڈر مالکان کے حوالے کردیا گیا۔ سکھر ضلع میں جرائم اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری، پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کا شہر کو جرائم سے پاک کرنے کا عزم، سکھر پولیس نے ضلع بھر میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوتے ہوئے جواری، اشتہاری، مفرور ملزمان سمیت 15 ملزمان گرفتار، دو مسروقہ لوڈر اور چنگ چی رکشہ برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردیے گئے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کی ہدایت پر سکھر ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ناکہ بندی اور چھاپوں کے دوران ڈی ایس پی روہڑی حضور بخش سولنگی کی سربراہی میں کندھرا کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف وارداتوں میں مطلوب ملزم سائیں ڈنو مہر اور زاہد جانوری کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول، میگزین، گولیاں اور مسروقہ لوڈر برآمد کرلیے گئے۔ دوسری جانب سائٹ پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جواری مفرور ملزم سمیت 10 ملزمان گرفتار کرلیے۔ ملزمان میں مفرور عدنان نذیر، جواری اجمل، شمس، اللہ ڈنو، وحید و دیگر شامل ہیں، قبضے سے جوئے کی مختلف اقسام کی گیمز، موبائل فون، نقدی برآمد، مقدمہ درج کر لیا گیا۔